NOVANEWS
فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے تحت یوم نکبہ پر ہونے والی اسرائیل مخالف مظاہروں میں شریک مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر فلسطینیوں کے حق واپسی اور اسرائیل کے ناجائز قبضے کی مذمت کی قرار دادیں آویزاں تھیں ،مظاہرین نے امریکہ،اسرائیل اور برطانیہ سمیت مغربی سامراجی قوتوں کے خلاف زبردست نعرے بازی کی ۔
احتجاجی مظاہروں میں خطاب کرتے ہوئے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے رہنماؤں کاکہنا تھا کہ فلسطینی عوام اور ان کے ہمدرد فلسطینیوں کے دکھ درد کو نہیں بھولیں گے اور فلسطینیو ں کی ہر سطح پر اخلاقی و سیاسی حمایت جاری رکھی جائے گی۔ان کاکہنا تھا کہ پانچ ملین سے زائد فلسطینی اپنے گھروں سے دور زندگیاں گزار رے ہیں اور پوری دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ غاصب صیہونی اسرائیل کے ظالمانہ اور وحشیانہ مظالم کے نتیجے میں فلسطینی عوام اپنے ہی گھروں سے محروم ہیں جنہیں ہر حال میں اپنے گھروں میں لوٹایا جانا چاہئیے اور اقوام متحدہ کی یہ اولین ذمہ داری ہے کہ وہ فلسطینیوں کو انکی سر زمین پر واپس لانے میں اپنا مثبت کردار ادا کرے۔
رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان کے عوام فلسطینیوں کے حق واپسی کی حمایت کرتے ہیں اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فلسطینیوں کی فلسطین واپسی کے سلسلے میں رکاوٹوں کو فی الفور ختم کیا جائے ۔رہنماؤں نے کہا کہ عالمی برادری مسئلہ فلسطین کے حل میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے جس کی اصل ذمہ داری امریکہ اور یورپی یونین پر عائد ہوتی ہے۔ان کاکہنا تھا کہ اقوام متحدہ اور یورپی یونین کے زبانی کلامی دعووں اور بیانات سے مسئلہ فلسطین کا حل ممکن نہیں لہذٰا فلسطین کی آزادی کے لئے مسلح جد وجہد کی حمایت کرتے ہیں ۔انہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ فلسطینیوں کے حق واپسی کو یقینی بنائے اور ان کو ان کے گھروں میں پہنچانے کے لئے سنجیدہ کردار ادا کرے۔