NOVANEWS
پاکستانی عوام فلسطینیوں کے حقوق کی جنگ لڑتی رہے گی،فلسطینیوں کے حقوق کے لئے ہر سطح پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔اسرائیل ایک غاصب صیہونی ریاست ہے جس کا وجود پوری انسانیت کے لئے خطرہ ہے۔فلسطین پر غاصب اسرائیل کے پینسٹھ سالہ ناجائز تسلط پر عالمی برادری اور انسانی حقوق کمیشن کی خاموشی سوالیہ نشان اور شرمناک ہے۔ان خیالات کا اظہار عوامی مسلم لیگ پاکستان کے مرکزی رہنما محفوظ یار خان ایڈووکیٹ،فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی ترجمان صابر کربلائی ،اور وکلا برادری کے محبوب آفتاب خان،ایس ایم بخاری،عابدہ خان،رعنا پروین،کنور عامر او ر اسداللہ خان ایڈووکیٹ سمیت دیگر نے کراچی پریس کلب کے باہر یوم نکبہ کی مناسبت سے منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔شرکائے احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے زور دیا کہ فلسطین،فلسطینیوں کا وطن ہے اور فلسطینیوں کو حق حاصل ہے کہ وہ اپنے وطن واپس آئیں،انکاکہنا تھا کہ سنہ 1948ء میں برطانوی اور مغربی سامراجی سازشوں کی نتیجے میں غاصب اسرائیل کی بنیاد رکھی گئی جو آج پینسٹھ برس گذر جانے کے بعد نہ صرف مشرق وسطیٰ بلکہ پوری انسانیت اور پوری دنیا کے لئے خطرہ بن چکا ہے ۔انکاکہنا تھا کہ دنیا کے با شعور او ر با ضمیر انسانوں کو چاہئیے کہ دہشت گردی اور ظلم و ستم کے اس فتنے اسرائیل کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں ۔



